[]
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم شاہی کنبہ اور کویت کے لوگوں کے تئیں گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں۔
کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کا ہفتہ کے روز 86 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ یہ خبر ملتے ہی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شیخ نواف کے انتقال کی دردناک خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ ہم شاہی کنبہ اور کویت کے لوگوں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
کویت کے حکمراں شیخ نواف الاحمد کے انتقال پر ہندوستان میں سرکاری غم کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ حکومت ہند نے اتوار کو ایک دن کے لیے سرکاری غم منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس دوران قومی پرچم نصف جھکا رہے گا۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شیخ نواف الاحمد کے احترام میں حکومت ہند نے فیصلہ لیا ہے کہ 17 دسمبر کو ملک میں ایک دن کا غم منایا جائے گا اور پورے ہندوستان میں ان سبھی عمارتوں پر قومی پرچم نصف جھکا رہے گا جہاں قومی پرچم مستقل طور پر لہرایا جاتا ہے۔ اس دوران تفریح کا کوئی عمل بھی انجام نہیں دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو گزشتہ ماہ نومبر میں طبیعت کی خرابی کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ کچھ خبروں میں بتایا گیا تھا کہ انھیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے، حالانکہ ان کو لاحق عارضے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی گئی تھی۔ 16 دسمبر کو کویت کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ان کے انتقال کی خبر دی۔ کویتی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے 40 دن کے غم کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ کویت کے تمام سرکاری ادارے تین دن تک بند رہیں گے۔
شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح 2020 میں شیخ صباح الاحمد کے انتقال کے بعد کویت کے امیر بنے تھے۔ انھوں نے 25 سال کی عمر میں ہی سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا تھا۔ انھیں سب سے پہلے حولی علاقہ کا گورنر بنایا گیا تھا۔ 1978 تک وہ یہاں کے گورنر رہے۔ اس کے بعد وہ کویت کے وزیر داخلہ، اور پھر وزیر دفاع بنے۔ 83 سال کی عمر میں وہ ملک کے امیر بنائے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;