بی جے پی رکن اسمبلی کوعصمت ریزی کیس میں 25 سال کی سزاء

[]

سون بھدرا: ایک عدالت نے آج یہاں 9 سال پہلے ایک لڑکی کی عصمت ریزی کے جرم میں بی جے پی رکن اسمبلی رام دلارگونڈ کو 25 سال کی سزائے قید بامشقت سنائی جس کے نتیجہ میں اترپردیش اسمبلی سے ان کی نااہلی کی راہ ہموار ہوگئی۔

عوامی نمائندگی قانون کے مطابق دو سال یا اس سے زیادہ مدت کیلئے اگر کسی قانون ساز کو سزاء سنائی جائے تو اسی تاریخ سے اسے آئندہ 6 سال کیلئے ایوان کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔

سونبھدرا کی ایم پی۔ ایم ایل اے عدالت کے اڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سشن جج احسن اللہ خان نے گونڈ پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ یہ رقم متاثرہ خاتون کی بازآبادکاری کیلئے استعمال کی جائے گی۔

خصوصی وکیل استغاثہ ستیہ پرکاش ترپاٹھی نے کہاکہ عدالت نے 12 دسمبر کو دودھی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کو مجرم قرار دیا تھا۔

فیصلہ سنانے سے پہلے گونڈ کے وکیل نے عدالت سے کم از کم سزا دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے عدالت کو یقین دلایا تھاکہ گونڈ متاثرہ کے خاندان کا پورا خیال رکھے گا۔

ترپاٹھی نے اس کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 4 نومبر 2014 کو گونڈ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 376‘ 506 اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 5L/6 کے تحت کیس درج کیاگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ جس وقت پیش آیا تھا اسوقت گونڈ کی بیوی گرام پردھان تھی۔ متاثرہ لڑکی کے بھائی کی شکایت پر میورپور پولیس نے گونڈ کے خلاف کیس درج کرلیا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *