[]
حیدرآباد: سیاسی حلقوں میں رکن اسمبلی گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ کے سیاسی مستقبل کے متعلق مباحث جاری ہیں۔
اس دوران موصولہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی ہائی کمان راجہ سنگھ پر گوشہ محل حلقہ اسمبلی کو چھوڑ کر 2024 کے پارلیمنٹ انتخابات میں ظہیر آباد حلقہ پارلیمنٹ سے مقابلہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی ہائی کمان حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے سابق ریاستی وزیر ایم مکیش گوڑ کے فرزند ایم وکرم گوڑ کو امیدوار بناناچاہتی ہے۔
راجہ سنگھ نے 2014 میں کانگریس کے امیدوار مکیش گوڑ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ فی الحال راجہ سنگھ کو شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے اور مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی پاداش میں بی جے پی سے معطل کردیا گیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے ان کی معطلی کو برخواست کرنے کی مسلسل نمائندگی کے باوجود ہائی کمان اس سلسلہ میں تاخیر کررہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ معطلی کی برخواستگی میں تاخیر کی وجہ انہیں حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے امیدوار بننے کے دعویداری سے دستبرداری اور حلقہ پارلیمنٹ ظہیر آباد سے امیدوار بننے کے لئے آمادہ کرنا ہے۔