[]
اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں جمعہ کی صبح دو الگ الگ حملوں میں ایک پولیس اہلکار اور دو نیم فوجی اہلکار ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔
پولس ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے صوبے کے قبائلی ضلع خیبر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ ایک حملے میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک اور پانچ فوجیوں اور ایک پولیس اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بج کر 45 منٹ پر چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکے اور جدید ترین بندوقوں سے فائرنگ کی۔ ایف سی اور پولیس نے جوابی کارروائی کی تو وہ بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ زخمیوں کو صوبائی دارالحکومت پشاور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبے کے ضلع ٹانک میں ایک اور حملے میں عسکریت پسندوں نے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجے کے قریب پولیس لائنز، رہائش ، دفاتر اور پولیس کے گولہ بارود کے ذخیرہ والے کمپلیکس پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے اور ان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔