خطے کے ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، آیت اللہ رئیسی

[]

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ ایران کے موقع پر صدر رئیسی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صدر رئیسی نے دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں کو محفوظ اور اقتصادی زون میں تبدیل کرنے کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے سرحدی منڈیوں کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو تیز کرنے پر زور دیا۔

آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی سرحدوں کو محفوظ اور اقتصادی سرحدوں میں تبدیل کرنے، سرحدی منڈیوں کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے اس حوالے سے دونوں ممالک کی زیادہ سے زیادہ فعالیت پر زور دیا۔

ایرانی صدر نے ہمسایہ اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے سنجیدہ ارادے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک باہمی معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز کرکے اقتصادی اور تجارتی تعاون اور اس کے نتیجے میں سیاسی تعلقات کی سطح میں بہتری لاسکتے ہیں۔

انہوں نے دشمنوں کی طرف سے خطے کے ممالک کے تعلقات میں خلل ڈالنے کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مواقع سے استفادہ کرنے اور باہمی صلاحیتوں کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ اور علاقائی تعاون اور تعامل کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی اپنے پڑوسیوں بالخصوص پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لیے ایک بہت قیمتی موقع قرار دیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *