ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ آسٹریلوی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کریں: میکسویل

[]

سڈنی: آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو اگلے سال ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کر سکیں۔

میکسویل نے کہا کہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اب آسٹریلیا کی نظریں اگلے سال جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کی ٹانگیں فعال رہیں گی وہ آئی پی ایل کھیلتے رہیں گے۔

ہندوستان سے واپسی اور ایک ہفتہ آرام کرنے کے بعد میکسویل اب بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن اسٹارز کے کپتان کے طور پر کھیلیں گے۔ وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ “میں اپنے کیریئر کے اختتام تک آئی پی ایل میں کھیلتا رہوں گا۔ غالباً یہ میرے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ جب تک میں چل سکتا ہوں، میں آئی پی ایل کھیلتا رہوں گا۔ آئی پی ایل نے میرے کیریئر میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں معیاری کھلاڑی اور کوچز حصہ لیتے ہیں، جن سے آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

 آپ اس ٹورنامنٹ میں دو ماہ تک اے بی ڈی ویلیئرز اور وراٹ کوہلی جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھیلیں گے، جو کسی کی زندگی کا سب سے بڑا تجربہ ہوگا۔

 مجھے امید ہے کہ اس آئی پی ایل میں زیادہ سے زیادہ آسٹریلوی کھلاڑی شرکت کریں تاکہ یہ ان کی ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد کر سکے۔ اب ویسٹ انڈیز میں حالات تقریباً وہی ہیں جیسے ہندوستان میں – خشک، سست پچیں اور اسپنرز کو زیادہ مدد۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آسٹریلیا کی محدود اوورز کی ٹیم اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر ‘ڈبل’ کرنے کی کوشش کرے گی۔ میکسویل نے کہا کہ پوری ٹیم کی نظریں اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہم نے آپس میں بات کی اور کہا کہ ہمارا اگلا ہدف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہونا چاہیے۔ اس سے پہلے میں بی بی ایل کے ایک اور سیزن کا منتظر ہوں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *