[]
استنبول: صدر رجب طیب اردوغان نے قطر میں منعقدہ 44ویں خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ٹی آر ٹی کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ اسرائیل میں وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت پورے خطے کی سلامتی اور مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
صدر اردوغان نے قطر میں منعقدہ 44ویں خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ان بھائیوں کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جو ترک معیشت پر بھروسہ کرتے ہیں۔ صدر اردوغان نے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیل اور حماس کے تنازع پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ فوری طور پر مستقل جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور انسانی امداد کے بلاتعطل بہاؤ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو انتظامیہ اپنی سیاسی زندگی کو طول دینے کے لیے ہمارے پورے خطے کی سلامتی اور مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ہمیں غزہ میں ہونے والے مظالم کو علاقائی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے ۔
صدر اردوغان نے کہا کہ 17 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کا ضیاع جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں، انسانیت کے خلاف جرم، جنگی جرم ہے۔ اسرائیل کو ان جرائم کا حساب چکانا ہوگا۔