حیدرآباد: لالہ گوڑہ پولیس نے 2 خواتین کو حراست میں لے لیا ہے جو سڑک پر گاڑی سواروں سے لفٹ مانگ کر ویران علاقوں میں لے جا کر انہیں لوٹ لیتی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے گرفتار کی گئی خواتین کی شناخت بھاگیہ اور وینیلہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دونوں آپس میں رشتہ دار ہیں۔
پولیس نے کا کہنا ہے کہ یہ دونوں شاطر خواتین گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد سے لفٹ مانگ کر انہیں سنسان علاقوں میں لے جاتی تھیں اور بھاری رقم طلب کرتی تھیں۔ اگر کوئی شخص انہیں رقم دینے سے انکارکردیتا تو وہ جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام لگاکر مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دیتیں۔ ان دو خواتین نے اس طریقہ کار سے ایک متاثرہ شخص سے اب تک 3 لاکھ 20 ہزارروپئے وصول کیئے۔
ان دو خواتین نے دوبارہ متاثرہ شخص کو نشانہ بنایا اور اس کے گھر کے پاس موجود تھیں۔ متاثرہ شخص نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان دو شاطر خواتین کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے کہاکہ ان دونوں خواتین کے خلاف پہلے بھی مختلف پولیس اسٹیشنوں میں اسی طرح کے کئی مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔