حکومت نے تلنگانہ کو اہم تعلیمی مرکز بنادیا: ہریش راؤ

[]

حیدرآباد: سینئر بی آر ایس قائد و ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ گذشتہ9 برسوں کے دوران بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کو اہم تعلیمی مرکز میں تبدیل کردیا ہے۔

آج سدی پیٹ میں گروکل پیرنٹس اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کے بچوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے ایسے بے مثال اقدامات کئے جن کی نذیر گزشتہ 60برسوں میں ملنا مشکل ہے۔

انہوں نے گروکل پیرنٹس اسوسی ایشن کی جانب سے بی آر ایس کی تائید وحمایت کرنے کے فیصلہ کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق میں علاقہ تلنگانہ کو ملک کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا تھا مگر بی آر ایس کے اقتدار پر آنے کے بعد اس علاقہ کی صورتحال بدل گئی۔

 ہم نے ایک کے بعد ایک تمام چالینجس کا کامیابی کے ساتھ سامنا کیا اور آج ریاست ملک کی سب سے زیادہ ترقیافتہ اور خوشحال ریاست بن گئی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل بنجر اراضیات کا نظارہ عام بات تھی، مگر کے چندر شیکھر راؤ کی دور اندیش قیادت میں یہ صورتحال بدل گئی۔ آج سارا تلنگانہ سرسبز وشاداب ہوچکا ہے۔

 تعلیمی محاذ پر بھی تلنگانہ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تشکیل تلنگانہ سے قبل جہاں متحدہ ریاست میں رہائشی  اسکولس کی تعداد صرف268 تھی آج تشکیل تلنگانہ کے بعد صرف10سال کے مختصر سے عرصہ میں اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس کی تعداد 1000 تک پہونچ گئی۔

 جہاں یہ ادارے بین الاقوامی معیار کی تعلیم سے تمام طبقات کے طلباء کو آراستہ کرتے ہوئے ریاست کے مستقبل کو مزید روشن کرنے میں مصروف ہیں۔ اب تک تلنگانہ کے ریسیڈنشیل اسکولس میں تعلیم مکمل کئے 6652 طلبا ڈاکٹرس، وکلاء، اور انجینئرس بن چکے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، تمام 119 اسمبلی حلقوں میں اعلیٰ ذات کے طبقات کے غریب طلباء کیلئے ریسیڈنشیل اسکولس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اسمبلی انتخابات کے بعد اس منصوبہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

 ہریش راؤ نے کہا کہ کمسن بچہ کی حفاظت ایک ماں جس طرح کرتی ہے ویسے کے سی آر، تلنگانہ کے مفادات کی حفاظت کررہے ہیں۔ اس لئے عوام کو چاہئے کہ اپنے مستقبل کے متعلق کوئی تجربہ نہ کریں اور ہمیشہ کی طرح بی آر ایس پر اعتماد برقرار رکھیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *