
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کی فضائیہ کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہفتے کے روز ریاست آسام میں حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی فضائیہ کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ جورهات میں واقع فضائی اڈے کے قریب لینڈنگ کے دوران گر گیا۔ حادثے کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دو انجنوں والا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً دس بجے پیش آیا۔
بھارتی فضائیہ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ طیارہ معمول کی پرواز پر تھا اور جورهات کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔ حکام کے مطابق حادثے میں عملے کے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ طیارہ گرنے کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔
