
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کی پہلی برسی کے موقع پر ایک پیغام میں قومی استقامت اور مزاحمت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کے ذریعے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل شروع ہونے والی جارحیت کے دوران معصوم بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور حملہ آوروں نے ظلم و بربریت کی ہر حد عبور کی۔
قالیباف نے کہا کہ بارہ روزہ جنگ کے شہداء نے قربانی، استقامت اور وطن دوستی کی روشن مثال قائم کی، اور انہی کی راہ پر چلتے ہوئے ایرانی عوام اور قیادت ملک کی عزت، خودمختاری اور حتمی کامیابی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کی سربلندی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔
