50 لاکھ درہم مالیت کا سونے کا لباس شارجہ نمائش کی شان بن گیا – 10 کلو سونے کا لباس دیکھنے شائقین کا ہجوم

 

شارجہ: شارجہ میں جاری 57ویں واچ اینڈ جیولری مڈل ایسٹ شو میں دنیا کا مہنگا ترین سونے کا لباس شائقین اور خریداروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی جیولری برانڈز کی شرکت سے سجی اس نمائش میں نایاب، قیمتی اور شاہانہ طرز کے زیورات پیش کئے جا رہے ہیں۔

 

اس سال نمائش میں پہلی مرتبہ الرمیزان گولڈ اینڈ جیولری کی جانب سے پیش کیا گیا سونے کا خصوصی لباس سب سے بڑی کشش بن گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں تیار کردہ یہ لباس 21 کیرٹ خالص سونے سے بنایا گیا ہے، جس کا وزن 10 کلوگرام سے زائد ہے جبکہ اس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ درہم (تقریباً 11 کروڑ روپے سے زائد) بتائی گئی ہے۔

 

اس منفرد لباس کو دنیا کے مہنگے ترین سونے کے لباس کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے، جس کے باعث نمائش میں آنے والے زائرین بڑی دلچسپی سے اس کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

 

الرمیزان گولڈ اینڈ جیولری نے اس موقع پر اپنے نئے اور منفرد زیورات کے کلیکشن بھی متعارف کرائے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ان کلیکشنز کا مقصد لگژری جیولری مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

 

دوسری جانب سلیم الشعیبی جیولری نے اماراتی ڈیزائنر شمعہ الحلامی کے اشتراک سے تیار کردہ ’’اورا موسا‘‘ کلیکشن پیش کیا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ سال متعارف کرائی گئی ’’شیخہ ہند‘‘ کلیکشن کے ریکارڈ ساز زیورات بھی نمائش میں رکھے ہیں، جبکہ 500 سے زائد نئے ڈائمنڈ ڈیزائنز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

 

عریبین گولڈ اینڈ ڈائمنڈ نے بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کئی منفرد شاہکار نمائش میں پیش کئے ہیں۔ ان میں متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں کی مشہور عمارتوں کی عکاسی کرنے والا ’’یونین فریم‘‘، دنیا کا سب سے بڑا آئینہ اور دنیا کی سب سے بڑی ’’مرتعشہ‘‘ جیولری شامل ہیں۔

 

اسی طرح جواہرہ جیولری نے بھی اپنے خصوصی اور قیمتی زیورات کے ذریعے زائرین کو متاثر کیا ہے۔ کمپنی کی ’’پام کلیکشن‘‘ میں 18 قیراط سونے کے ساتھ قدرتی ہیرے، یاقوت، زمرد اور نیلم جیسے قیمتی پتھر استعمال کئے گئے ہیں۔ یہ کلیکشن مارکیٹ میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرچکی ہے اور کمپنی کی نمایاں پروڈکٹ لائن بن گئی ہے۔

 

کمپنی نے اس کے علاوہ نایاب موتیوں کے زیورات اور دلہنوں کے لیے خصوصی ڈائمنڈ سیٹس بھی پیش کئے ہیں، جن میں ہر ڈیزائن کا صرف ایک ہی نمونہ تیار کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کلیکشن ان صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں جو منفرد اور نایاب زیورات کے خواہاں ہوتے ہیں۔

 

نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات کی جیولری صنعت میں تخلیقی صلاحیتوں، اعلیٰ کاریگری اور شاہانہ ڈیزائننگ کا بہترین مظہر بن کر ابھرا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *