
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے باقاعدہ طور پر اعتراف کر لیا ہے کہ حزب اللہ اپنے ڈرونز کے ذریعے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
صہیونی چینل کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کی ڈرون ٹیکنالوجی اس حد تک جدید اور درست ہو چکی ہے کہ اب کوئی بھی حساس مقام ان کی زد سے باہر نہیں رہا۔
اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹ میں انتہائی تشویشناک صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے لیے اب یہ کوئی مشکل کام نہیں رہا کہ وہ اپنے کسی خودکش ڈرون کو اڑا کر براہِ راست حیفا کے میئر کے دفتر کی کھڑکی سے اندر داخل کر دے۔ مزید برآں، رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ ڈرونز اسرائیلی بحریہ کے سب میرین بیڑے کے کمانڈر کے کمرے تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو صہیونی دفاعی نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اسی دوران اسرائیلی اخبار معاریو نے حزب اللہ کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حزب اللہ کے خودکش ڈرونز اب محض عام ڈرونز نہیں رہے، بلکہ یہ درحقیقت درست نشانے پر مارنے والے میزائلوں کے متحرک پلیٹ فارمز میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یہ ڈرونز انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کی نشاندہی کرتے ہیں اور دفاعی ریڈاروں کو چکمہ دے کر اپنے ہدف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس نے اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
