[]
پٹنہ: ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جتن رام مانجھی نے جمعہ کے روز الزام لگایا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو دی جانے والی غذا میں ان کی کرسی کے متمنی افراد زہریلی اشیاء ملارہے ہیں۔
سابق چیف منسٹر مانجھی نے ودھان سبھا کے احاطہ کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
مانجھی نے جن کے دونوں طرف بی جے پی کے ارکان ِ اسمبلی تھے جو اُن کی موجودہ حلیف جماعت ہے‘ الزام لگایا کہ نتیش کمار نے چند دن قبل فحش زبان کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجہ میں انہیں مقننہ کے دونوں ایوانوں میں معافی مانگنی پڑی۔
کل وہ ایک بار پھر آپے سے باہر ہوگئے تھے اور انہوں نے مجھ سے توہین آمیز انداز میں بات کی تھی اور یہ بھول گئے تھے کہ میں ان سے عمر اور سیاسی تجربہ میں بڑا ہوں۔ یہ ان کی انحطاط پذیر ذہنی صحت کی علامت ہے۔
مانجھی نے جو ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر ہیں‘ یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ گورنر راجندر ارلیکر سے ہفتہ کے روز ملاقات کریں گے اور انہیں بہار کی سنگین صورتِ حال سے واقف کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نتیش کمار کو دی جانے والی غذا کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا بھی مطالبہ کرتا ہوں۔ مجھے شبہ ہے کہ اس میں ایسی چیزیں ملائی جارہی ہیں جو انہیں پاگل بنادیں گی۔ ان کے اطراف کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو اُن کی کرسی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔