
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی میڈیا نے غرب اردن میں فلسطینی گروپوں کی جانب سے ڈرون حملوں کے امکانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے کامیاب ڈرون آپریشنز مستقبل میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے لیے ایک عملی نمونہ بن سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی چینل 12 نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی ڈرون کارروائیوں کی کامیابی اسرائیل کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کرسکتی ہے، کیونکہ یہ تجربہ مغربی کنارے میں موجود فلسطینی مزاحمتی اور جہادی گروہوں تک منتقل ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حزب اللہ کے ڈرون حملوں نے اسرائیلی فوج اور سکیورٹی نظام کے لیے نئی مشکلات کھڑی کردی ہیں اور یہ کارروائیاں ثابت کر رہی ہیں کہ ڈرون ٹیکنالوجی جنگ میں ایک فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں 7 صہیونی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے بھی اعلان کیا ہے کہ جب تک جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحانہ اقدامات جاری رہیں گے، وہ ان حملوں کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔
