حج کرایہ بحران پر حکومت کی وضاحت، بڑا اضافہ گھٹا کر کم کیا، مرکزی وزیر رجیجو کا سوشل میڈیا پر سخت ردعمل

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن ریجیجو نے اتوار کے روز حج کرایوں میں حالیہ اضافہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایئرلائنز سے کامیاب مذاکرات کے بعد مجوزہ 400 ڈالر کے اضافے کو گھٹا کر صرف 100 ڈالر تک محدود کر دیا، تاکہ عازمینِ حج پر مالی بوجھ کم رکھا جا سکے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایران سے متعلق جغرافیائی کشیدگی اور امریکہ-اسرائیل اور ایران تنازعہ کے پس منظر میں ایئرلائنز نے ابتدائی طور پر 400 ڈالر اضافے کی تجویز دی تھی، تاہم حکومت کی مداخلت کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سفر کرنے والوں کے لئے یہ اضافہ 100 ڈالر اور پرائیویٹ آپریٹرس کے ذریعے جانے والوں کے لئے 150 ڈالر تک محدود کر دیا گیا۔

 

وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ کمزور معاشی پس منظر رکھنے والے عازمین محض مالی مشکلات کی وجہ سے حج جیسے فریضے سے محروم نہ رہیں۔

 

ایک اور معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے سوشل میڈیا پر سعودی عرب میں پیش آئے ایک معمولی پلمبنگ مسئلہ کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ٹوائلٹ کا مسئلہ فوری طور پر حل کر لیا گیا تھا، اور ایسے انفرادی واقعات کے لئے حکومت کو موردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شکایات کے لئے سوشل میڈیا کے بجائے سرکاری ذرائع اور باضابطہ شکایتی نظام کا استعمال کریں، کیونکہ سعودی عرب میں موجود بھارتی مشن اور متعلقہ حکام عازمین کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

 

مرکزی وزیر نے حج کے دوران اموات سے متعلق خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ چھ اموات میں سے تین اموات امیگریشن سے قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئیں، اور اس معاملے میں حکومت کی کسی بھی قسم کی لاپرواہی شامل نہیں ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *