
نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چاہے کتنی ہی سازشیں کرے انتخابات میں کامیابی ان کی جماعت ہی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی 200 سے زائد نشستیں جیت کر ریاست میں دوبارہ حکومت بنائے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسٹاک مارکیٹ کو متاثر کرنے کے لیے جھوٹے ایگزٹ پولس تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق 2021 اور 2024 میں بھی بی جے پی نے اسی طرح کی حکمت عملی اپنائی تھی اور اب بھی وہی طریقہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
پارٹی کے ورچوئل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے یہ باتیں کہیں اور انتخابی مہم اور ووٹنگ کے دوران پارٹی کے لیے محنت کرنے والے کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران مغربی بنگال میں تعینات مرکزی فورسز نے ٹی ایم سی کارکنوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا اور عوام کو خوفزدہ کیا۔ انہوں نے 4 مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی میں
بے ضابطگیوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کو اس دن چوکس رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کے تمام کاؤنٹنگ مراکز پر 24 گھنٹے نگرانی رکھی جائے۔
