
ممبئی کے نیا نگر علاقے میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے دو سکیورٹی گارڈز کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر حملے سے قبل متاثرین سے ان کا مذہب پوچھا اور دھمکیاں دیتے ہوئے حملہ کیا۔
ملزم کی شناخت 31 سالہ زبیر انصاری کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس نے متاثرین کو کلمہ پڑھنے کے لیے بھی مبینہ طور پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔
زخمی ہونے والے راج کمار مشرا اور سبروتو سین ممبئی کے واکہارٹ ہاسپٹل کے قریب ایک عمارت میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ پیر کی صبح تقریباً 4 بجے یہ حملہ پیش آیا۔ دونوں زخمیوں کو علاج کے لیے ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کے تقریباً 90 منٹ بعد ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قتل کی کوشش اور فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے 4 مئی تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس اور اینٹی ٹیرر اسکواڈ اس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔ ملزم کے قبضہ سے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات ضبط کئے گئے ہیں، جن میں کچھ حساس نوعیت کے الفاظ بھی پائے گئے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم پہلے امریکہ میں مقیم تھا لیکن ملازمت نہ ملنے پر بھارت واپس آ گیا تھا اور ممبئی کے میرا روڈ علاقے میں اکیلا رہ رہا تھا، جہاں وہ آن لائن کیمسٹری کی تعلیم دے کر روزگار حاصل کر رہا تھا۔
