حیدرآباد میں موسم کی آنکھ مچولی — دن میں تیز دھوپ اور شام کو بارش

حیدرآباد: شہر میں گزشتہ دو دنوں سے موسم کا غیر متوازن اور بدلتا ہوا حال شہریوں کیلئے حیرت کا باعث بن گیا ہے۔ دن کے اوقات میں شدید گرمی اور جھلسا دینے والی دھوپ نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، جبکہ شام ڈھلتے ہی مختلف علاقوں میں بارش نے وقتی طور پر راحت فراہم کی۔ تاہم نمی میں اضافے کے باعث حبس کی شدت بھی برقرار رہی۔

 

جمعہ کی شام حیدرآباد کے مختلف علاقوں تارناکہ عثمانیہ کیمپس، حبسی گوڑہ، رامنتاپور، ناچارم اور ملاپور میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سڑکوں پر ٹھنڈک کا احساس ہوا اور شہریوں نے کچھ دیر کیلئے گرمی سے سکون محسوس کیا۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بونداباندی بھی دیکھی گئی۔

 

محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق یہ بارش عارضی راحت فراہم کر رہی ہے، لیکن آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پیش قیاسی کے مطابق مئی کے پہلے ہفتے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، خصوصاً مشرقی تلنگانہ کے اضلاع میں آصف آباد سے سوریاپیٹ تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

 

ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور صحت کا خاص خیال رکھیں، کیونکہ آنے والے دنوں میں موسم مزید سخت ہو سکتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *