
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے قانون نافذ کرنے والے ادارے فراجا کے سربراہ کمانڈر احمدرضا رادان نے کہا ہے کہ اصفہان میں دشمن کی ایک پیچیدہ کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا اور اس دوران دشمن کے چھوڑے گئے آلات سے اہم دستاویزات اور شواہد حاصل ہوئے ہیں جن کی ماہرین رمزگشائی کررہے رہیں۔
تفصیلات کے مطابق کمانڈر رادان نے کہا کہ دشمن نے ایران کی سرزمین پر ایک اچانک کارروائی کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس کارروائی میں فوجی طیارے C‑130، ہیلی کاپٹر اور ہرمس ڈرون استعمال کیے گئے تھے۔ تاہم عوام کی بروقت اطلاع اور مسلح افواج کی فوری کارروائی کے باعث دشمن کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔
انہوں نے مغربی میڈیا کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ یہ کارروائی کسی پائلٹ کو بچانے کے لیے کی گئی تھی۔ جس مقام پر جھڑپ ہوئی وہ اس جگہ سے تقریبا 150 کلومیٹر دور تھا جہاں پائلٹ کے گرنے کا دعوی کیا جا رہا تھا، اس لیے اتنی بڑی فوجی کارروائی کو صرف ایک شخص کی مدد سے جوڑنا معقول نہیں ہے۔
ان کے مطابق عوام کی اطلاع ملنے کے بعد دشمن کا پہلا طیارہ زمین گیر ہوگیا جس کے بعد حملہ آوروں نے اپنے کچھ آلات اور سامان کو خود ہی بمباری کرکے تباہ کیا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔ اس کارروائی کے بعد دشمن کے چھوڑے گئے آلات اور سامان سے نہایت اہم اسناد اور معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ایرانی ماہرین اس وقت ان دستاویزات کی رمزگشائی کر رہے ہیں اور جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور سپاہ پاسداران، فراجا اور دیگر ادارے مل کر ملک کی سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
