
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے حج تیاریوں کے حوالے سے وادی منیٰ کی عارضی خیمہ بستی کا دورہ کیا اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق انہوں نے مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی رہائش کی حتمی تیاریوں کو قبل از وقت شروع کرنے کے اقدام کو سراہا۔
دورے کے بعد وزیر حج کا کہنا تھا اس سے حج آپریشن میں بہترین سہولتین پیش کی جائین گی اور عازمین کو بہترین خدمات میسر آئیں گی۔ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ اس سال پہلی مرتبہ عازمین حج کی مشاعر مقدسہ منتقلی کے آپریشن کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل سسٹم لانچ کیا گیا ہے جس سے حجاج کی مشاعر مقدسہ آمد اور روانگی کے تمام مراحل بہتر طریقے سے انجام دیے جا سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشاعر مقدسہ کے خیموں میں آگاہی بورڈز اور سائنز نصب کیے گئے ہیں جن پر عازمین حج کے لیے اہم ہدایات بھی درج ہیں جس سے انہیں آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔
درین اثناء سعودی کابینی اجلاس میں بھی عازمین حج کی مملکت آمد کا خیرمقدم کیا گیا۔ اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حجاج کو مثالی خدمات پیش کرنے کی ہدایت کی۔
