پٹنہ: ٹرین کی تاخیر پر مشتعل طلبہ کا ہنگامہ، پاٹلی پتر اسٹیشن پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ، کئی پولیس اہلکار زخمی

ٹرین کے انتظامات سے ناراض امیدواروں نے پاٹلی پتر اسٹیشن پر زبردست ہنگامہ آرائی کی اور امتحان کے لیے چلائی گئی اسپیشل ٹرین میں توڑ پھوڑ کی۔

<div class="paragraphs"><p>پاٹلی پتر جنکشن (ویڈیو گریب)</p></div><div class="paragraphs"><p>پاٹلی پتر جنکشن (ویڈیو گریب)</p></div>

i

user
google_preferred_badge

بہار پولیس محکمۂ انسداد ممنوعات کا امتحان دینے جا رہے امیدواروں کا احتجاج اتوار کو پٹنہ کے پاٹلی پتر ریلوے اسٹیشن پر پرتشدد شکل اختیار کر گیا۔ ٹرین کے انتظامات سے ناراض امیدواروں نے زبردست ہنگامہ آرائی کی اور امتحان کے لیے چلائی گئی اسپیشل ٹرین میں توڑ پھوڑ کی۔ حالات خراب ہونے پر پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے، لاٹھی چارج کرنے اور وارننگ کے طور پر ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں امیدوار امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لیے اسٹیشن پر جمع ہوئے تھے۔ اس دوران ٹرینوں کے انتظامات کو لے کر ناراضگی بڑھ گئی اور کچھ لوگوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ سنگین ہو گیا اور مظاہرین نے ٹرین میں توڑ پھوڑ کے ساتھ ریلوے کی آمد و رفت کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامی افسران موقع پر پہنچے۔ بھیڑ کو پرامن کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن صورتحال قابو سے باہر ہوتی دیکھ کر پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ اس دوران آئی جی سمیت کئی افسران کو معمولی چوٹیں آنے کی بھی اطلاع ہے۔ واقعے کے بعد اسٹیشن کے احاطے اور قریبی علاقوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پاٹلی پتر ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں پتھراؤ کے واقعے کے بعد وہاں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن نے بتایا کہ دیر رات اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے ان سے امن برقرار رکھنے اور امتحان دینے جانے والے دیگر امیدواروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی تھی، لیکن کچھ شرپسند عناصر مسلسل ایمرجنسی چین کھینچ رہے تھے اور مزید خصوصی ٹرینوں کا مطالبہ کر رہے تھے، جبکہ پہلے سے ہی 2 اسپیشل ٹرینیں دستیاب تھیں۔ ڈی ایم نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ان امیدواروں کو بھی روکنے کی کوشش کی جو امتحان دینے جانا چاہتے تھے۔ اسی وجہ سے پولیس کو ہلکا سا طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اب صورتحال پوری طرح معمول پر ہے، تمام مقررہ ٹرینیں روانہ ہو چکی ہیں اور ریلوے کی آمد و رفت بھی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔


[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *