
نئی دہلی: ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ دشمن، ایرانی قوم کو جھکانے کی حسرت اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے، ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے تفصیلات کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ
میجر جنرل امیر حاتمی نے دشمن قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مغلوب کرنے کا امریکہ اور اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور ایرانی قوم اپنے وقار کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد ہے۔میجر جنرل امیر حاتمی
نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ رہبرِ اعلیٰ کی شہادت سے قوم کے حوصلے پست ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوئے ہیں ، دشمن نے سمجھا تھا کہ قیادت کو نشانہ بنا کر وہ ایران کو ہرا دیں گے، لیکن یہ ان کی بڑی بھول ہے؛ دہائیوں سے
جاری دباؤ اور حملوں کے باوجود عوام کا آہنی عزم متزلزل نہیں ہوا۔ایرانی آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ جب ایرانی سفارتی حکام مذاکرات میں مصروف تھے، تب ملک کو دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم حکام کی جرأت مندانہ
کوششوں کی بدولت جنگ کے دوران ایران کے لیے کوئی بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیا گیا۔انہوں نے اسٹریٹ آف ہرمز کی ناکہ بندی کو “بحری قزاقی” کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ایسی کوششوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی یہ خواہش ہے کہ ایران ان کے سامنے ہتھیار ڈال دے، مگر وہ یہ حسرت اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے، ایرانی فوج اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے
ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

