کلکتہ میں کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر کا انوکھا اعلان: “جے شری رام” بولنے پر فیس میں 500روپے کی رعایت، سیاسی طوفان کھڑا ہوگیا

کلکتہ شہر کے ایک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نے اپنے کلینک میں ان مریضوں کے لیے 500 روپے رعایت کا اعلان کر کے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے جو طبی تخشیص کے دوران “جے شری رام” کا نعرہ لگائیں گے۔

 

انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پی کے ہزارا نے اپنے خانگی کلینک میں ایک پوسٹر آویزاں کیا ہے جس میں وہ بی جے پی اسکارف پہنے نظر آ رہے ہیں اور اس پیشکش کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔

 

اس معاملہ پر ردعمل دیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹر نرمَل ماجی نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر ہزارا بی جے پی کی خوشنودی حاصل کرنے اور اپنے مفادات کے تحفظ کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہزارا نے کہا کہ یہ مکمل طور پر ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ ان کے مطابق وہ طویل عرصے سے یہ محسوس کرتے ہیں کہ مغربی بنگال کے مریض علاج کے لئے دوسرے ریاستوں کا رخ کرتے ہیں، جبکہ یہاں سے دوسرے ریاستوں کو کم ہی مریض جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی رجحان کو بدلنے کے لئے انہوں نے یہ اقدام کیا۔

 

ڈاکٹر کے مطابق یہ رعایت صرف ان کے ساؤتھ کلکتہ کے کلینک پر دی جا رہی ہے، ہاسپٹل میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوسٹر ایک مریض نے تیار کیا تھا جس میں “جے شری رام” کا نعرہ لگانے والے مریضوں کے لئے خصوصی رعایت کا ذکر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ براہِ راست بی جے پی سے وابستہ نہیں، تاہم دیگر ریاستوں میں اس کی حکومت کے تحت ترقی کو سراہتے ہیں۔

 

ڈاکٹر ہزارا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں امید تھی کہ بی جے پی انہیں پنگلا اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دے گی، لیکن ایسا نہ ہونے پر انہوں نے یہ قدم اٹھایا تاکہ ریاست میں تبدیلی کے لیے لوگوں کو متاثر کیا جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے اچھا کام کیا ہے، لیکن دیگر ریاستیں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہیں، اس لیے مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

 

دوسری جانب بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن راہل سنہا نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، جبکہ ٹی ایم سی رہنما ڈاکٹر نرمَل ماجی نے اسے سیاسی چال قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بی جے پی کی سیاسی کامیابی میں مددگار ثابت نہیں ہوگا، کیونکہ عوام کی حمایت ترنمول کانگریس کے ساتھ ہے۔

 

واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی کے 294 نشستوں کے انتخابات 23 اور 29 اپریل کو ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *