اسلام آباد مذاکرات میں قالیباف کی شرکت قومی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے، مشیر رہبر معظم

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات میں ڈاکٹر قالیباف کی شرکت ایرانی قوم کے حقوق کے تحفظ اور فعال خارجہ پالیسی کے عزم کا تسلسل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران کی موجودہ مقتدر سفارت کاری علاقائی استحکام کے تحفظ اور قومی اقتدار کے اظہار کی واضح علامت ہے۔ آج کی فعال اور مضبوط سفارت کاری اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ایران اپنی قومی طاقت کے بل بوتے پر خطے کے استحکام اور سلامتی کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈاکٹر ولایتی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد قومی مفادات اور عوامی حقوق کا دفاع کرتے ہوئے خطے میں توازن اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے۔

اسی تناظر میں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد کی اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتیں اور مذاکرات دراصل ایران کے اسی پختہ عزم کا تسلسل ہیں، جس کے تحت ملک سفارتی ذرائع سے اپنے قومی حقوق کے تحفظ اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *