
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کے حالیہ بیانات پر سخت اعتراض کرتے ہوئے انھیں جانبدارانہ، غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزارت خارجہ کے قانونی امور کے معاون کاظم غریب آبادی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو گروسی کے جانبدارانہ رویے پر شدید اعتراض ہے اور اس کے بارے میں سخت انتباہ کرتا ہے۔
غریب آبادی نے نشاندہی کی کہ رافائل گروسی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو کوئی جنگ ختم نہیں کرسکتی جب تک وہ جنگ ایٹمی نہ ہو۔ امید ہے ایسا کبھی نہ ہو۔
ایرانی عہدیدار نے گروسی کے طرز عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا: کیا وہ کسی بین الاقوامی تنظیم کے سربراہ ہیں یا کسی میڈیا تجزیہ کار؟
انہوں نے مزید کہا کہ گروسی نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملوں، جن میں حالیہ دنوں بوشہر ایٹمی پلانٹ کے احاطے پر دو حملے بھی شامل ہیں، کی کبھی مذمت تک نہیں کی۔
غریب آبادی کے مطابق، بجائے اس کے کہ گروسی جنگ کے اثرات پر یا کسی بھی غیر قانونی اور تباہ کن ہتھیار کے استعمال کے خطرے سے خبردار کرتے، وہ الٹا ایران کی قانونی ایٹمی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے راستے بتا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گروسی کے اس غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو بین الاقوامی اصولوں کے منافی سمجھتا ہے۔ ایسے بیانات علاقائی کشیدگی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ہم ان بیانات پر سخت احتجاج کرتے ہیں اور بین الاقوامی ایجنسی سے متوازن اور غیر جانب دار رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
