
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت انٹیلیجنس نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ عوامی اطلاعات اور خفیہ و آپریشنل اقدامات کی مدد سے کرمانشاہ، البرز، فارس اور کرمان صوبوں میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا، جو دشمن کے ایجنٹ اور دہشتگرد گروہوں سے وابستہ تھے۔
صوبہ کرمانشاہ میں خفیہ اداروں نے ایک دہشتگرد گروہ کے آپریشنل سیل کی نشاندہی کی، جس کا سربراہ اپنے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
اس ٹیم کے قبضے سے بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم، بارود، بم بنانے کے آلات، ایک پستول اور تین اسٹارلنک ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق اس نیٹ ورک کو جرمنی میں موجود ایک فرد دہشتگرد کارروائیوں، خصوصاً سرکاری اور میڈیا مراکز پر حملوں کے لیے ہدایات دے رہا تھا۔
صوبہ البرز سے پانچ افراد کو عوامی اطلاعات اور خفیہ کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے دو افراد ایک دہشتگرد گروہ کے رکن تھے جنہیں کسی بھی کارروائی سے پہلے ہی پکڑ لیا گیا۔
دیگر تین افراد فوجی مراکز کی معلومات جمع کرنے، حساس مقامات کی تصاویر لینے اور انہیں دشمن تک پہنچانے میں ملوث تھے۔
صوبہ کرمان سے بھی چار افراد کو گرفتار کیا گیا جو صہیونی میڈیا نیٹ ورک (انٹرنیشنل) سے وابستہ تھے۔
یہ افراد فوجی و سیکیورٹی مقامات کی نشاندہی کر کے ان کی معلومات اس نیٹ ورک کے نام نہاد جاسوس صحافیوں کو فراہم کرتے تھے۔
صوبہ فارس سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جو ملک کی آئل ریفائنریوں کی معلومات اور لوکیشن دشمن کو فراہم کر رہا تھا۔
یہ شخص ریفائنریوں کی صلاحیت اور اہم تفصیلات بھی دشمن کو دے رہا تھا تاکہ اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکے۔
وزارت انٹیلیجنس نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت معلومات کی فراہمی ان کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع وزارت اطلاعات کے ہاٹ لائن نمبر 113 یا سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دی جائے۔
