
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک 4564 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صہیونی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے حملے شروع ہونے کے بعد سے اب تک ہزاروں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 303 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں آٹھ افراد کی حالت سنگین، 29 کی درمیانی جبکہ 256 افراد کو معمولی زخم آئے۔
رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی شام ایران کی سپاہ پاسداران نے جنوبی اسرائیل کے شہروں عراد اور دیمونا کی جانب مزید میزائل داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی سرکاری میڈیا کے مطابق ایک ایرانی میزائل عراد کے ایک پورے محلے کو تباہ کر گیا جس سے درجنوں رہائشی زخمی ہوئے۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی حکام ایران اور حزب اللہ کی کارروائیوں کے نتائج سے متعلق معلومات کے اجراء پر سخت پابندیاں عائد کیے ہوئے ہیں اور شہریوں کو نقصانات یا حملوں کی ویڈیوز شیئر کرنے سے بھی خبردار کیا جا رہا ہے۔
