
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ وعدہ صادق 4 آپریشن کے 75ویں مرحلے میں مقبوضہ فلسطین اور خلیج فارس میں دشمن کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کو یا فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے کوڈ کے ساتھ انجام دیا گیا۔
سپاہ پاسداران کے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی شہید بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی اور شہید وزیرِ اطلاعات حجت الاسلام خطیب کی یاد میں کی گئی۔
بیان کے مطابق انٹیلی جنس یونٹوں کی نشاندہی پر اسرائیلی فوج کے نئے ٹھکانوں اور مختلف مقامات پر موجود چھپنے کی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے شہر الخرج میں واقع شہزادہ سلطان ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ اڈہ خطے میں امریکی فضائی کارروائیوں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی اور امریکی فوجی مکمل طور پر ان کی نگرانی میں ہیں اور مختلف بستیوں میں چھپنے سے بھی وہ محفوظ نہیں رہیں گے۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔
