مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے تازہ میزائل حملوں میں مقبوضہ حیفا کی بندرگاہ کے قریب واقع الخضیرہ پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دیکھے گئے۔ اس حملے کے بعد الخضیرہ میں بجلی بھی منقطع ہو گئی۔
یہ میزائل حملہ غیر معمولی نوعیت کا تھا جس میں اسرائیل کے وسیع علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ میزائل کم از کم چھ مختلف علاقوں میں گرے جن میں مغربی القدس، ہشارون، نتانیا، بنیامینا، حیفا اور الخضیرہ شامل ہیں۔
ایران کی جانب سے میزائل فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل میں لاکھوں افراد پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
عبری میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل 30 مختلف مقامات پر گرے جبکہ بن گورین ائیرپورٹ پر خطرے کے سائرن بج اٹھے اور پروازوں کو معطل کر دیا گیا۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو نے بھی اعتراف کیا کہ ایران نے صرف 40 منٹ کے دوران چار مختلف مراحل میں اسرائیل کی جانب میزائل داغے۔
