
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریاست کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق اس ماہ 16 مارچ سے 23 مارچ کے درمیان ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس سلسلے میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے چلنے کے امکانات بھی ظاہر کئے گئے ہیں، جس کے باعث کسانوں اور عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آج ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے موسمی نظام کے اثرات کے باعث ریاست میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فصلوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ گرج چمک اور ژالہ باری کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ موسمی ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔
