[]
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے منگل کے دن دعویٰ کیا کہ 2 نومبر کو منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ تاچھ کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ہاتھوں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی گرفتاری کا اندیشہ ہے۔ دہلی میں برسراقتدار جماعت نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بی جے پی‘ ہمارے اعلیٰ قائدین کو سلاخوں کے پیچھے ڈالتے ہوئے ہمارے صفائے کی کوشش کررہی ہے۔
کجریوال کو پی ایم ایل اے کے تحت سمن جاری ہوا ہے۔ ذرائع کے بموجب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ 2 نومبر کو 11 بجے دن دہلی میں اپنے دفتر میں ان کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ ای ڈی نے پہلی مرتبہ کجریوال کو بلایا ہے۔ اپریل میں آبکاری کیس میں سی بی آئی ان سے پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔
منگل کے دن پریس کانفرنس سے خطاب دہلی کی کابینی وزیر آتشی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنانے یہ حربے آزمارہی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ وہ الیکشن میں کجریوال کو ہرانہیں سکتی۔ خبر ہے کہ کجریوال کو 2 نومبر کو گرفتار کرلیاجائے گا۔
گرفتاری ہوئی تو کرپشن کے الزام میں نہیں ہوگی بلکہ بی جے پی کے خلاف بولنے کی جرأت پر ہو گی۔ عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو اسمبلی الیکشن میں 2 بار ہرایا۔ اس نے ایم سی ڈی الیکشن میں بھی اسے شکست دی۔
وزیراعظم نریندر مودی عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سے ڈرے ہوئے ہیں۔ بی جے پی جانتی ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کو ہرانہیں سکتی۔ عام آدمی پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول منیش سسوڈیہ‘ سنجئے سنگھ اور ستیندرجین کی گرفتاری کے حوالے سے آتشی نے دعویٰ کیا کہ اس کا صرف یہی مطلب ہے کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کو مٹانا چاہتی ہے۔
کجریوال کی گرفتاری کے بعد بی جے پی انڈیا اتحاد کے دیگر قائدین اور اس کے چیف منسٹرس کو سی بی آئی اور ای ڈی کو استعمال کرتے ہوئے گرفتار کرے گی۔ اس کے بعد وہ چیف منسٹر جھارکھنڈ ایم این سورین کو نشانہ بنائے گی۔
بعد ازاں تیجسوی یادو کا نمبر آئے گا کیونکہ بہار میں بی جے پی برسر اقتدار اتحاد کو توڑنہیں سکی۔ کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین اور تملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ آتشی نے کہاکہ عام آدمی پارٹی قائدین جیل جانے سے نہیں ڈَرتے وہ اپنی آخری سانس تک دستور کو بچانے کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔
عام آدمی پارٹی قائد سو ربھ بھاردواج نے بھی یہی بات کہی۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ جتنی مخالفت ہوئی ان کی پارٹی اتنی ہی مضبوط ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی‘ اروند کجریوال اور عام آدمی پارٹی کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے دہلی کنوینر گوپال رائے نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی عام آدمی کیلئے کام کرتی رہے گی۔ بی جے پی والے اروند کجریوال کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی مٹ جائے۔