آئی اے ای اے امریکہ اور صہیونی حکومت کے غیرقانونی حملوں کی واضح اور سخت مذمت کرے، ایران کا مطالبہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی جوہری ایجنسی کے دفتر میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ایجنسی کو ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر ہونے والے غیرقانونی حملوں کی سخت اور دوٹوک مذمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام، جسے امریکہ اپنے حملوں کے جواز کے طور پر پیش کرتا ہے، مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہے۔ یہ دعوی امریکی خارجہ پالیسی میں فریب اور گمراہ کن بیانیے کے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔ ماضی میں بھی اسی نوعیت کے الزامات کو مختلف جارحانہ اقدامات کے لیے استعمال کیا گیا۔ 

نجفی نے مزید کہا کہ امریکا اور صہیونی حکومت نے ایران کے خلاف کارروائیوں کو جوہری ہتھیاروں کی روک تھام کے نام پر درست ثابت کرنے کی کوشش کی، جبکہ ایران کی اعلیٰ قیادت پہلے ہی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں، بشمول جوہری ہتھیار، کو حرام قرار دے چکی ہے۔ 

ایرانی نمائندے نے زور دیا کہ جوہری ایجنسی ان حملوں کو اپنے بنیادی اصول، جنرل کانفرنس اور بورڈ آف گورنرز کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واضح طور پر حملوں کی مذمت کرے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *