
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں 47 ممالک نے روس کے خلاف اقوام متحدہ میں ایک مشترکہ بیان کی حمایت کی ہے جس میں یوکرین جنگ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم اس بیان میں امریکہ شامل نہیں ہوا۔
اس بیان کی حمایت کرنے والے ممالک میں یورپی ریاستوں کے علاوہ جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور جارجیا شامل تھے۔ یورپی یونین کے وفد نے بھی علیحدہ طور پر اس بیان کی تائید کی، تاہم امریکہ نے اس میں شمولیت اختیار نہیں کی۔
بیان میں روس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یوکرین میں جاری فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔
یہ بیان یوکرین میں جاری جنگ اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کے تناظر میں پیش کیا گیا۔ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے روس کے خلاف ایک قرارداد منظور کی تھی، تاہم یہ قراردادیں قانونی طور پر پابند نہیں ہوتیں بلکہ عالمی رائے کی عکاسی کرتی ہیں۔
دوسری جانب روس نے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے یکطرفہ مؤقف قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے بیانات سے مذاکراتی عمل میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔
