[]
حیدرآباد: ہندوستان میں جاری ونڈے ورلڈکپ 2023 کا 29 واں میچ ٹیم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلاگیا۔ اس میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کی ٹیم کو 100 رن سے شکست دیکر ورلڈکپ کا لگاتار چھٹا میچ جیتا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں ایک بار پھر ٹاپ پر پہنچ گئی۔ سمیع نے ابھی تک جاریہ ورلڈکپ کے صرف دو میاچس کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 9 وکٹ حاصل کئے ہیں۔
سمیع نے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 وکٹ حاصل کئے تھے۔ مجموعی طورپر محمد سمیع ورلڈکپ میاچس میں ابھی تک 13 مقابلوں میں 40 وکٹ لے چکے ہیں جو کسی بھی ہندوستانی سے زیادہ ہیں۔ سمیع نے گذشتہ ورلڈکپ میں بھی شاندار بولنگ کی تھی۔
اب سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ ایسے شاندار گیندباز کو ابتدائی 4 مقابلوں میں کس طرح باہر رکھا جاسکتاہے۔ سمیع اس وقت ہندوستان کے سب سے تجربہ کار اور شاندار بولنگ ہیں پھر انہیں کیوں پہلے چار میاچس میں موقع نہیں دیاگیا۔ اگر ہاردیک پانڈیا زخمی نہیں ہوتے تو شاید سمیع کو اب بھی موقع نہیں ملتا جو ان کے ساتھ ناانصافی ہوتی۔
بعض موقعوں پر کپتان روہت شرما تنگ نظری محسوس ہوتی ہے کیونکہ روہت کو بھی معلوم ہے کہ سمیع کس طرح کے بولر ہیں تاہم اس کے باوجود شردل ٹھاکر جیسے گیندباز کو ان پر ترجیح دی گئی۔ لیکن سمیع نے ہمت نہیں ہاری موقع کا انتظار کرتے رہے اور جب موقع ملا تو بتادیا کہ وہ اب بھی ہندوستان کے نمبر ایک بولر ہیں۔
سمیع کے ساتھ ناانصافی کیلئے کپتان روہت شرما پوری طرح ذمہ دار ہیں کیونکہ روہت سمیع کی صلاحیتوں سے واقف ہونے کے باوجود انہیں موقع نہ دیتے ہوئے ان کے ساتھ تنگ نظری کا مظاہرہ کیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب روہت نے کسی مسلم کھلاڑی کے ساتھ ایسا کیاہو۔
اس سے قبل ایشیاء کپ میں جب محمد سراج نے سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ لئے تو روہت نے انہیں مزید بولنگ کرنے سے روک دیا جس کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ کا ایک بڑا ریکارڈ بنانے سے محروم رہے۔
ونڈے کرکٹ میں سب سے شاندار بولنگ کا ریکارڈ اسٹوارٹ بنی کے نام ہے جنہوں نے محض 6 رن کے عوض 6 وکٹ حاصل کئے تھے۔ ہندوستان کا کوئی بھی بولر ونڈے میاچ میں 6 سے زیادہ وکٹ نہیں لے پایا ہے تاہم سری لنکا کے خلاف سراج کو یہ ریکارڈ توڑنے بھرپور موقع تھا لیکن عین وقت پر روہت نے سراج سے بولنگ نہیں کروائی جس کی وجہ سے وہ 6 سے زیادہ وکٹ نہیں لے پائے۔
روہت کے اس فیصلہ کو ہر کسی نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس دوران سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے ہندوستانی ٹیم کے ایک گیند باز کی تعریف کرتے ہوئے اس کا موازنہ کپل دیو سے کیا۔ ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند باز محمد سمیع کا انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی جیت میں اہم کردار تھا۔ محمد سمیع نے مجموعی طورپر 4 وکٹیں لیکر انگلینڈ ٹیم کے بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ سنیل گواسکر نے کہاکہ سمیع بہت محنت کررہے ہیں۔
جب وہ گھر واپس گئے تو انہوں نے مختلف پچوں پر پریکٹس کی۔ سمیع اپنی کرکٹ فٹنس پر بہت کام کررہے ہیں۔ گواسکر نے کہاکہ سمیع صرف تیز گیندبازی نہیں کرتے بلکہ ان کے پاس معیاری سوئنگ بھی ہے جو دنیا کے کسی بھی بلے باز کو پویلین کی راہ دکھاسکتی ہے۔
گواسکر نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ فٹ رہنے کیلئے جم جاتے ہیں یا نہیں لیکن وہ کپل دیو کی طرح ہی ورزش کر رہے ہیں۔ کپل بھی مسلسل نیٹ میں گیند بازی کرتے تھے۔
سمیع اس بات پر یقین نہیں کرتے جو ماہرین کہتے ہیں کہ انہیں نیٹ میں صرف 15-20 گیندیں کرنی چاہئے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ایک تیز گیند باز کے طورپر آپ کو اپنی ٹانگیں زیادہ چلانے کی ضرورت ہے۔ جب وہ بولنگ کررہے ہوتے ہیں اور انہیں ڈرون کیمرے کے ذریعے دکھایا جاتا ہے تو وہ چیتے کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔ یہ واقعی ایک حیرت انگیز نظارہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سمیع ٹیم انڈیا کے نمبر ایک گیندباز ہیں۔