آسام کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیمنت بسوا سرما کے متنازع بیانات پر مختلف حلقوں کی جانب سے احتجاج اور ایف آئی آر درج کرانے کی کارروائی کی گئی ہے۔ اسی تناظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نے ایک بار پھر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہیمنت بسوا سرما کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب وہ بولتے ہیں تو کچھ لوگ خوف کے باعث چھپ کر ہنستے ہیں اور کچھ کھل کر ہنستے ہیں، لیکن ہنسی سب کو آتی ہے۔ کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ ممکن ہے آئندہ انتخابات کے پیش نظر وہ دباؤ میں ہوں اور انہیں اپنی سیاسی صورت حال کا اندیشہ ہو۔
