ترکی کا غزہ میں انسانی امداد کی فوری اجازت کے لیے عالمی دباؤ کا مطالبہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے صہیونی حکومت پر مؤثر اور عملی دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کی مناسب مقدار میں فوری رسائی دی جانی چاہیے۔

یورپی میڈیا کو ایک انٹرویو میں ہاکان فیدان نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران غزہ میں 70 ہزار سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ یہ اعداد و شمار انسانی المیے کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے عالمی برادری اور بین الاقوامی ادارے اکیسویں صدی میں ہونے والے اس بڑے پیمانے کے قتلِ عام کے سامنے بے بس نظر آئے، جبکہ بعض ممالک اور عالمی بلاکس نے بھی اس کھلی ناانصافی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے غزہ میں قائم ہونے والی نازک جنگ بندی اور محدود انسانی امداد کے داخلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ صورتحال مکمل جنگ بندی نہ ہونے سے بہتر ہے، تاہم سردیوں کے پیش نظر غزہ کے عوام کو فوری طور پر پناہ گاہوں اور بنیادی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ انسانی اور اخلاقی لحاظ سے یہ بات ہرگز قابل قبول نہیں کہ لوگ بھوک سے نڈھال ہوں، اپنی جانیں گنوا دیں یا شدید سردی کے باعث موت کا شکار ہوں۔

انہوں نے ایک بار پھر تاکید کی کہ غزہ میں ضروری خوراک اور رہائش کی سہولیات کی فراہمی کا راستہ صرف اصرار اور مؤثر بین الاقوامی دباؤ کے ذریعے ہی کھولا جاسکتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *