
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وینزویلا کی حکومت نے امریکا کے فوجی حملے میں جان بحق ہونے والوں کی یاد میں ملک بھر میں سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ سوگ اُن افراد کے لیے ہے جنہوں نے 3 جنوری 2026 کو امریکی حملے کے دوران ملک کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گل پنٹو نے اس سے قبل بتایا تھا کہ امریکی افواج نے دارالحکومت کاراکاس میں شہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جسے انہوں نے کھلی فوجی جارحیت قرار دیا۔ ان حملوں کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں کو نیویارک کے بروکلین میں ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا اور 5 جنوری کو انہیں سدرن ڈسٹرکٹ نیویارک کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا۔
امریکی حکام نے مادورو اور ان کی اہلیہ پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں، تاہم دونوں نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کر رہا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق کاراکاس میں اس کارروائی کے دوران تقریباً 80 افراد ہلاک ہوئے۔
