امریکہ ایک سرکش اور غاصب طاقت ہے، اس کی وحشیانہ فطرت ایک بار پھر بے نقاب، شمالی کوریا

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا نے وینزویلا پر امریکی حملے اور اس ملک کے منتخب اور قانونی صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو اغوا کر کے نیویارک لے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کے خلاف امریکی حملے خودمختاری کے خلاف جارحیت کی خطرناک ترین قسم ہیں۔

شمالی کوریا نے امریکی اس فوجی کارروائی کی مذمت کی جس کے نتیجے میں ہفتے کے روز وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس اور دیگر علاقوں پر حملے کے بعد صدر نکولس مادورو کو اغوا کر کے نیویارک پہنچا دیا گیا۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کورین وزارت خارجہ کے ترجمان نے وینزویلا میں امریکی مداخلت کو ایک خود غرضانہ اقدام قرار دیا ہے جو پہلے سے کمزور علاقائی صورتحال کے درمیان مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق، یہ بیان امریکہ کی جانب سے وینزویلا کی خودمختاری کی وحشیانہ خلاف ورزی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جاری کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ واقعہ ایک اور مثال ہے جو واشنگٹن کی اس سرکش اور وحشیانہ فطرت کی واضح طور پر تصدیق کرتی ہے جس کا عالمی برادری ایک طویل عرصے سے بار بار مشاہدہ کرتی آئی ہے۔

اس سرکاری اہلکار نے زور دے کر کہا کہ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ وینزویلا میں امریکہ کے تسلط پسندانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جو خودمختاری کے خلاف سنگین ترین جارحیت اور اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ وینزویلا کی صورتحال کی سنگینی کو پہچانیں، اس جارحیت کے نتائج کو تباہ کن قرار دیا اور دوسرے ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکہ کی جانب سے دیگر ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر احتجاج کریں اور اس کی مذمت کریں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *