
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام میں سرگرم گروپ ہیئت تحریر الشام کے سربراہ اور نام نہاد صدر ابو محمد الجولانی کی حکومت نے اتوار کے روز ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں صیہونی ریاست کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے عمل کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
شامی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کے اصولوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کا مقصد صومالیہ کی خودمختاری اور اس کی جغرافیائی یکجہتی کو نشانہ بنانا ہے۔
جولانی حکومت کے مطابق، ایسے یکطرفہ اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور عالمی سطح پر انہیں کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ زمینی حقائق کے برعکس ایک غیر حقیقی صورتحال پر مبنی ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی ریاست نے حال ہی میں تمام بین الاقوامی قوانین کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے شمالی صومالیہ میں علیحدگی پسندوں کے زیرِ کنٹرول علاقے کو صومالی لینڈ کے نام سے باقاعدہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر عالمِ اسلام اور افریقی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
