حیدرآباد۔ 15 دسمبر (سفیر نیوز)اقلیتی بہبود اور پبلک انٹرپرائزز کے وزیر جناب محمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ کرسمس خوشی، مسرت اور باہمی یکجہتی کا تہوار ہے جو سماج میں محبت، امن اور ہمدردی کا پیغام عام کرتا ہے۔
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقدہ سکریٹریٹ کے عیسائی ملازمین کی کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے عیسائی تعلیمی اداروں سے اپنی ذاتی وابستگی کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک عیسائی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کی جہاں ہر سال کرسمس کی حقیقی روح کو قریب سے محسوس کرنے کا موقع ملا۔ ہم آہنگی اور خیرسگالی کے ماحول میں دوستوں اور اساتذہ کے ساتھ کرسمس منانے کی یادیں انہوں نے خوشگوار انداز میں تازہ کیں۔
جناب محمد اظہرالدین نے باکسنگ ڈے کی تقریبات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طالب علمی کے دنوں میں باکسنگ ڈے کے موقع پر کرکٹ میچ کھیلنا ایک یادگار روایت تھی۔ ان تجربات نے انہیں نظم و ضبط، ٹیم ورک، کھیلوں کے جذبے اور باہمی احترام جیسی اقدار سے روشناس کرایا۔
وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کرسمس ہر فرد کو محروم اور کمزور طبقات کی دیکھ بھال کرنے اور مختلف برادریوں کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس جیسے تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور بھارت کی قدیم روایت ’کثرت میں وحدت‘ کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معزز وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت تمام مذاہب کے تہواروں کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام تقاریب پُرامن، جامع اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوں۔ وزیر نے عیسائی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ تہوار ہر گھر میں امن، خوشحالی اور مسرت لے کر آئے، ساتھ ہی عیسائی برادری کے مسائل کے حل کا بھی یقین دلایا۔
اس موقع پر ریورنڈ ڈاکٹر جان ویسلی نے ایک متاثر کن مسیحی پیغام پیش کیا جس میں محبت، امن، ہمدردی اور خدمت کے جذبے پر زور دیتے ہوئے سماج میں ہم آہنگی اور خیرسگالی کو فروغ دینے کی اپیل کی۔
تقریب میں پرنسپل سکریٹری جناب بینہر مہیش دت ایکا، منیجنگ ڈائریکٹر کرسچن مائنارٹی فنانس کارپوریشن سبیتا، سکریٹریٹ کرسچن ایمپلائز اسوسی ایشن کے اراکین شاستری، چِٹی بابو، ششی بھوشن، منوہر اماں، جیکب راس اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
