[]
مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ نیٹ ورک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر اور غزہ کی پٹی پر موجود رفاح کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے امدادی ٹرک براستہ رفاح راہداری غزہ میں داخل ہونا شروع ہوئے۔
حماس میڈیا آفس کے مطابق غزہ میں آج 20 امدادی ٹرکوں نے داخل ہونا ہے جن پردوائیاں، طبی آلات اور کھانے پینے کا کچھ سامان موجود ہے۔
عرب اور خلیجی میڈیا نے بھی براستہ رفاح امدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے انسانی امداد کے لیے کام کرنے والوں کو غزہ تک رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں جاری تصادم عام شہریوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ کھانے اور پانی کی قلت بڑھ رہی ہے جب کہ ادویات اور دیگر چیزوں کی بھی کمی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹرک لوڈ ہیں جو تقریباً 5 لاکھ لوگوں کو غذا فراہم کرنے کا انتظار کررہے ہیں لیکن ہمیں غزہ تک رسائی نہیں ہے لہٰذا وہاں موجود انسانوں کو امداد کی ضرورت ہے اور ہمیں ہر حال میں اسے تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب فلسطین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہےکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک اس کے 17 اسٹاف ممبران جان سے جاچکے ہیں جب کہ ان ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔