[]
حیدرآباد، 22ستمبر (پریس نوٹ)”مولانا ازاد نیشنل اردو یونیورسٹی عنقریب پرانے شہر حیدرآباد کے اردو طلبا کے لیے مانو ماڈل اسکول فلک نما میں ایوننگ کالج شروع کرنے جارہا ہے۔
” پروفیسر سید الحسن، وائس چانسلرنے آج کتاب ’شاہینِ اردو ‘ کی رسم اجراءانجام دیتے ہوئے اس کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے اردوداں طبقے کی خدمت کے لیے اردو یونیورسٹی ہمہ تن سنجیدہ ہے اور تشنگان علم کے لیے مانو ماڈل اسکول میں ایوننگ میں بی اے کورس بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
قبل ازیں پروفیسر سید نجم الحسن، ڈین، المنائی امور نے کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب دو برس قبل منعقدہ سمینار ”اردویونیورسٹی سے تعلیم میری کامیابی کا راز“ میں پیش کردہ مقالوں کا مجموعہ ہے جس کا مقصد اردویونیورسٹی کے فارغین کی کامیابیوں کو پیش کرتے ہوئے طلبہ برادری کو اردو یونیورسٹی سے جوڑنا ہے۔ پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے فارغین کی کامیابیوں کو کتابی شکل میں پیش کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے۔
کتاب کے مرتب ڈاکٹر محمد مصطفے علی سروی، اسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم نے وائس چانسلر اور ڈین المونی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی فارغین کی آپ بیتیوں اور کامیابیوں کو کتاب کے ذریعے پیش کرنے کا مقصد اردو طلبا کی ہمت افزائی اور اردو یونیورسٹی کا تعارف پیش کرنا ہے۔
صدر انجمن طلباءقدیم جناب اعجاز علی قریشی نے مانو کے تعاون سے اردو طلبا میں شعور بیداری کے پروگرام منعقد کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مانو ماڈل اسکول میں ایوننگ کالج کا آغاز پرانے شہر کے اردو داں طبقے بالخصوص نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام ہے۔جناب ایوب خان، جوائنٹ سکریرٹری انجمن کے علاوہ شاہد بابا اور عدنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔