شراب پی کر گاڑی چلانے والے اور ہُڑدنگ کرنے والوں پر نوئیڈا پولیس نے سخت کارروائی کی تیاری کر لی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے دیر رات پارٹی کر کے نکلنے والوں کے لیے ’اسپیشل کیب سروس‘ کا انتظام بھی کیا ہے۔
پورے ملک میں آج رات 12 بجتے ہی نئے سال 2025 کا جشن شروع ہو جائے گا۔ دہلی-این سی آر میں ہر سال کی طرح خوب دھوم دھڑاکا ہونے کا امکان ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کے جوش و خروش کے پیش نظر دہلی، گروگرام اور نوئیڈا کے لیے الگ الگ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ جو لوگ بھی آج رات نئے سال کی آمد کی خوشی میں دیر رات مستی اور پارٹی کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ذریعہ جاری کی گئی ایڈوائزری کو پڑھ لیں۔ ساتھ ہی سیکورٹی کے تعلق سے جو ہدایات دی گئی ہیں اس کو بھی اپنے ذہن میں رکھ لیں۔ دہلی پولیس نے کناٹ پلیس اور انڈیا گیٹ کے آس پاس کے علاقوں کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔ نوئیڈا میں بھی ان علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے جہاں لوگ زیادہ اکٹھا ہوتے ہیں۔ ذیل میں دہلی-این سی آر کے 3 اہم خطوں کے لیے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے اہم نکات پیش کیے جا رہے ہیں۔
1. دہلی کے لیے جاری ایڈوائزری:
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے جانکاری دی ہے کہ مسافرین کو 31 دسمبر کی رات میں 9 بجے سے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ میٹرو میں سفر کرنے کے لیے آخری ٹرین تک انٹری کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ دہلی میں 20 ہزار پولیس جوانوں کی تعیناتی بھی ہوگی۔ دہلی پولیس بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر سیکیورٹی کا خاصا خیال رکھے گی۔
2. گروگرام گروگرام کے لیے جاری کردہ ایڈوائزری:
دہلی کے لوگ خاص طور پر ’نیو ایئر پارٹی‘ کے لیے گروگرام کا رُخ کرتے ہیں۔ جہاں الگ الگ ہوٹلوں، بار، پَب میں پارٹی ہوتی ہے۔ جس کے حوالے سے انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ گروگرام پولیس نے عام دنوں کے مقابلے بڑی تعداد میں پولیس نفری تعینات کی ہے۔ خاص طور پر ٹریفک پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کو خصوصاً ان لوگوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے جو شراب پی کر گاڑی چلا رہے ہوں یا اوور اسپیڈ میں ہوں۔ گروگرام پولیس نے سیکیورٹی کے حوالے سے 8 چوکیوں پر دھیان مرکوز کیا ہے۔ ان چوکیوں پر 16 زون کے افسران بھی تعینات ہوں گے۔
3. نوئیڈا کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری:
گروگرام اور دہلی کے بعد نئے سال میں اگر کہیں بھیڑ اکٹھا ہوتی ہے تو وہ ہے نوئیڈا۔ نوئیڈا میں سیکیورٹی کے پیش نظر 3 ہزار پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ ساتھ ڈرون سے بھی نگرانی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ شراب پی کر گاڑی چلانے والے اور ہُڑدنگ کرنے والوں پر پولیس نے سخت کارروائی کی تیاری کر لی ہے۔ ساتھ ہی نوئیڈا پولیس نے دیر رات پارٹی کر کے نکلنے والوں کے لیے ’اسپیشل کیب سروس‘ کا انتظام بھی کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔