[]
نئی دہلی: سپریم کورٹ نےقومی راجدھانی دہلی میں آلودگی کی سطح کو دیکھتے ہوئے جمعہ کے روز دارالحکومت میں کم آلودگی والے پٹاخے (گرین پٹاخے) سمیت تمام پٹاخوں پر پابندی لگا دی جسٹس اے ایس بوپنا کی سربراہی والی بنچ نے اس معاملے میں فائر کریکر ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی دارالحکومت علاقہ (دہلی-این سی آر) میں پٹاخوں کی تیاری اور استعمال کی اجازت نہیں دے سکتی۔
سپریم کورٹ نے دارالحکومت میں پٹاخوں پر مکمل پابندی نافذ کرنے میں دہلی پولیس کی ناکامی پر بھی سوال اٹھایا تھا۔ اپنی درخواست میں، ایسوسی ایشن نے گرین کریکرز میں بہتر تبدیلیوں اور بیریم نامی کیمیکل کو شامل کرکے پٹاخوں کی اجازت کی درخواست کی تھی۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ جن ریاستوں میں پٹاخوں پر مکمل پابندی نہیں ہے وہاں لوگ مقررہ ضابطوں کے مطابق نسبتاً گرین پٹاخوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔ عدالت کا یہ حکم دیوالی کے دوران آلودگی کی سطح اور دمہ اور دیگر مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بہت خاص ہے۔
عدالت نے دیوالی کے تہوار سے قبل دارالحکومت میں پٹاخوں کے استعمال پر پابندی لگانے کے دہلی حکومت کے فیصلے میں کسی بھی طرح سے مداخلت کرنے سے بھی انکار کردیا۔عدالت عظمیٰ کے سامنے سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے نسبتاً سبز پٹاخوں کے استعمال کی حمایت کی۔