[]
نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں جی 20 قائدین کی 2 روزہ چوٹی کانفرنس کے مدنظر سیکوریٹی بڑھادی گئی۔ جمعہ کے دن ٹریفک پابندیاں لگادی گئیں۔
صبح سے پولیس والے گاڑیوں کی چیکنگ کرتے دیکھے گئے۔ عصری کنٹرول روم کے ذریعہ بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ اس کے لئے 5 ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کے نیٹ ورک کا استعمال کیا جارہاہے۔ یہ کیمرے شہر بھر میں اہم مقامات پر لگائے گئے ہیں۔
پولیس کے بموجب کنٹرول روم کو ڈسٹرکٹ وائس ویژول فیڈ مل رہی ہے۔ شفٹوں میں 2 سیکوریٹی ٹیمیں کام کررہی ہیں تاکہ 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے۔ جمعرات کی رات سے غیرضروری گاڑیوں کا رخ ایسٹرن اور ویسٹرن ایکسپریس ویز کی طرف موڑدیا گیا تاہم دودھ‘ ترکاریاں‘ میوے اور دوائیں جیسی لازمی اشیاء لانے والی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے دیا جائے گا۔
اس کے لئے انہیں انٹری پرمیشن لینا ہوگا۔ پولیس نے شہر کے سرحدی علاقوں میں پٹرولنگ بڑھادی ہے۔ وہ 50 ہزار سیکوریٹی جوانوں‘ کے 9 ڈاگ اسکواڈ اور گھڑسوار یونٹس کی بھی مدد لے رہی ہے۔ شہر میں کئی ناکے لگائے گئے ہیں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کوئی بھی مشتبہ سرگرمی دیکھیں تو پولیس کو اس کی اطلاع دیں۔
پی ٹی آئی کے بموجب نئی دہلی ڈسٹرکٹ میں سخت ٹریفک تحدیدات کے باعث جمعہ کے دن سڑکیں خالی دکھائی دیں۔ شہر کے اہم مقامات پر بھی وزیٹرس نہیں تھے۔ نئی دہلی میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ پولیس‘ گاڑیوں کی جانچ کررہی ہے۔
پٹیل چوک میٹرو اسٹیشن کے اکزٹ پوائنٹ پر جو اُن ہوٹلوں کے قریب واقع ہے جہاں مندوبین کو ٹھہرایا گیا ہے‘ مسافرین کے آئی ڈیز کی جانچ کی گئی۔ نئی دہلی کا ہنومان مندر جہاں بھکتوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے‘ خالی دکھائی دیا۔ کناٹ پلیس مارکٹ اور دیگر بازار بھی بند کردیئے گئے۔ جمعہ کی صبح نئی دہلی میں سخت ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئیں۔ آن لائن ڈیلیوری سروس میں صرف دوائیں سربراہ کرنے کی اجازت ہے۔