
ممبئی (پی ٹی آئی) پولیس نے پیر کے روز ممبئی کے ایک ہوٹل میں اس جگہ پر توڑ پھوڑ کرنے کی پاداش میں جہاں اسٹانڈپ کامیڈین کنال کامرا نے مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کے خلاف متنازعہ تبصرہ کرتے ہوئے انہیں غدار کہا تھا، شیوسینا کارکن راہول کنال اور دیگر 11 کو گرفتار کرلیا۔
چند گھنٹے بعد ایک مجسٹریٹ کی عدالت نے ان تمام کی ضمانت منظور کرلی۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق ممبئی پولیس نے پیر کو شیوسینا کے 40کارکنوں کے خلاف کھار علاقہ میں واقع ہیبی ٹیٹ اسٹوڈیو میں مبینہ توڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔
مشتعل کارکنوں نے ہوٹل یونی کانٹی نینٹل کو بھی نشانہ بنایا، جس کے احاطہ میں یہ اسٹوڈیو واقع ہے۔پولیس کے مطابق اتوار کی رات شیوسینا کارکن بڑی تعداد میں ہوٹل کے باہر جمع ہوئے، نعرے بازی کی اور مبینہ طورپر اسٹوڈیو اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ کی۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے پیر کو کنال کامرا کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر لی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنے شو میں ایکناتھ شنڈے کے خلاف ہتک آمیز تبصرے کئے۔ کھار پولیس نے 19 نامزد شیوسینا کارکنوں بشمول یووا سینا کے راہول کنال، وبھاگ پرمکھ کنال سرمارکر اور اکشے پنویلکر کے علاوہ 15 سے 20 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ان پر ہوٹل اور اسٹوڈیو کی املاک کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی اجتماع کرنے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران کارکنان ”شیو سینا زندہ باد“کے نعرے لگا رہے تھے اور پولیس اہلکاروں کو دھکا دینے کے علاوہ ہوٹل کے عملے سے بدتمیزی بھی کی۔