حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد میں جمعہ (21 مارچ) کی صبح سے تیز ہوائیں چلنے لگیں تھیں اور آدھی رات کے بعد زبردست بارش ہوئی جس کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا۔ ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔
حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں گرج چمک اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ بارش کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔ بعض علاقوں میں سڑکوں پر بارش کا پانی نالے کی طرح بہتا دیکھا گیا۔
پرانے شہر کے کئی مقامات کے علاوہ نیے شہراور میاں پور، چندانگر، مدینہ گوڑہ، لنگم پلی، پٹن چیرو اور امین پور کے علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ برقی کے محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث بعض مقامات پر برقی کی سربراہی متاثر ہوسکتی ہے۔
شہر میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے رمضان المبارک کی خریداری پر اثر پڑا۔ تیز ہواؤں، گرج چمک اور شدید بارش کے باعث بازاروں میں چہل پہل کم ہوگئی ہے جس سے دکانداروں اور خریداروں دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کے مشہور مقامات جیسے چارمینار، لاڈ بازار، عابڈس اور نامپلی وغیرہ میں رمضان کی تیاریوں کے لیے ہجوم دیکھا جارہا تھا لیکن اچانک موسم خراب ہونے کے بعد لوگ گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔ تیز بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جس سے آمد و رفت میں دشواری ہوئی۔
کپڑوں، جوتوں کی خریداری کے لیے آئے شہریوں نے شکایت کی کہ بارش کی وجہ سے انہیں خریداری مکمل کیے بغیر ہی واپس جانا پڑا۔ دکاندار بھی پریشان نظر آئے کیونکہ بارش کے باعث ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔حکام نے عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ بعض علاقوں میں برقی سربراہی متاثر ہوسکتی ہے اور سڑکوں
پر پانی جمع ہونے کے باعث حادثات کا خدشہ ہے شہریوں سے محتاط رہنے کی خواہش کی گئی ہے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں تک مزید بارش کا امکان ہے جس کے باعث خریداروں اور تاجروں کو مزید مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں نکاسی آب کے انتظامات بہتر کیے جائیں تاکہ رمضان کی خریداری بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔
اسی طرح تلنگانہ بھر سے شدید بارش کی اطلاعات ہیں۔ عادل آباد اور کریم نگر کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کاسلسلہ جاری ہے۔ اس صورتحال میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکام کو الرٹ کردیا ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو چوکنا رہنے اور عوام کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
جانی اور مالی نقصان سے بچنے کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں۔