
حیدرآباد۔ ٹاسک فورس ساؤتھ ویسٹ زون اور جی ایچ ایم سی کے ویٹرنری حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغل ہاٹ، حیدرآباد میں باسی اور خراب گوشت فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 12 ٹن باسی اور غیر معیاری پائے، منڈی، بھیجہ، گردے، کلیجی ضبط کر لی گئی جس کی مالیت 8 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق محمد افروز نامی شخص جو A to Z Sheep & Goat Offal Store کا مالک ہے، انتہائی کم قیمت پر خراب اور باسی مذکورہ اشیاء خرید کر اس کی اپنی دکان میں ذخیرہ اندوزی کرتا تھا۔ بعد ازاں یہ مضرِ صحت پائے، منڈی، بھیجہ، گردے، کلیجی شادی بیاہ کی تقریبات مختلف ایونٹس اور ہوٹلوں کو سپلائی کر کے بھاری منافع کماتا تھا۔
حکام کے مطابق اس طرح کی خراب اور باسی اشیاء کے استعمال سے مختلف خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔باوثوق ذرائع کی اطلاع پر ٹاسک فورس ساؤتھ ویسٹ زون ٹیم اور جی ایچ ایم سی کے ویٹرنری ڈاکٹر نے مغل ہاٹ کے چشتی چمن درگاہ علاقے میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے یہاں سی پائے، بکری اور دنبہ کے سر، بھیجہ،گردے ،کلیجی ضبط کرلی۔
محکمہ صحت کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ گوشت کی خریداری کرتے وقت احتیاط برتیں اور اگر کہیں غیر معیاری یا خراب گوشت کی فروخت ہو رہی ہو تو فوراً حکام کو اطلاع دیں۔