
مسلمانوں کے ووٹوں سے اقتدار پر فائز ہونے والی کانگریس پارٹی مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ ایم ایل اے کوٹے کے تحت کسی مسلمان کو قانون ساز کونسل کی نشست نہیں دی گئی۔
کھمم ضلع بی آر ایس پارٹی اقلیتی صدر تاج الدین نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ مسلمانوں کے ووٹوں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی نے ایم ایل اے کوٹے کے تحت ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو قانون ساز کونسل کی نشستیں دی ہیں، مگر افسوس کہ مسلمانوں کو محروم کردیا گیا۔
محمد تاج الدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابات سے قبل تلنگانہ کے اقلیتوں کو سبز باغ دکھا کر اقتدار حاصل کیا اور انتخابات کے بعد مسلمانوں کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے تلنگانہ کانگریس کے اقلیتی قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دیں۔
محمد تاج الدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے کیے گئے وعدوں کو بھی فراموش کردیا۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مسلمانوں سے کیے گئے وعدوں پر فوری عمل آوری کی جائے۔